واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں حکام نے 2 بھائیوں کو آن لائن فراڈ کے ذریعے ڈھائی کروڑ ڈالر کے مساوی کرپٹو کرنسی چرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ 24 سالہ اینٹن پریرے بونو اور 28 سالہ جیمز پیپیئر بونو کو بالترتیب بوسٹن اور نیو یارک میں گرفتار کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا اینٹن پریرے اور جیمز پیپیئر پر وائر فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دونوں بھائیوں نے ایک خصوصی اسکیم کے تحت کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کروائی اور پھر مال لے اڑے۔امریکا کی ڈپٹی اٹارنی جنرل لیزا موناکو کا کہنا تھا کہ اینٹن پریرے اور جیمز پیپیئر نے کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سبز باغ دکھائے اور غیر معمولی منافع کا لالچ دے کر فراڈ کیا۔ انہوں نے مہینوں اپنے منصوبے پر کام کیا اور بیسیوں لوگوں کو شیشے میں اتارا۔
اینٹن اور جیمز نے جب دیکھا کہ لوگ ان کے جھانسے میں آچکے ہیں تو انہوں نے ایک لمحہ بھی ضائع کیے بغیر اپنے منصوبے پر بھرپور عمل کیا اور محض 12 سیکنڈز میں کم و بیش ڈھائی کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی اپنے اپنے والیٹ میں منتقل کرلی۔امریکی محکمہ انصاف نے شکایات موصول ہونے پر بروقت کارروائی کی اور متعلقہ شعبے کے ماہرین کی مدد سے دونوں بھائیوں کا سراغ لگاکر انہیں گرفتار کرلیا۔