لاہور ( این این آئی) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ جس وقت میں نے پی ٹی وی سے ڈرامے کیے وہ ڈرامے کا سنہری دور تھا ، بڑے بڑے سینئر اداکاروں سے اداکاری کے گُر سیکھے جو آگے چل کر میرے کام آئے ، آج ٹی وی چینلز کی بھرمار ہو چکی ہے اور بے شمار چینلز پر ڈرامے چل رہے ہوتے ہیں اور دیکھنے والوں کے لئے مشکل ہوتا ہے کہ وہ کس ڈرامے کا انتخاب کریں ۔
انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پی ٹی وی کے دور میں 8 بجے ٹی وی ڈرامہ آن ائیر ہوتا تھا اور کوئی بھی مقبول ڈرامہ سیریل دیکھنے کے لئے لوگ ٹی وی کے سامنے بیٹھ جاتے تھے جس کی وجہ سے گلیاں اور شاہراہیں سنسان ہو جایا کرتی تھیں۔ مگر اب زندگی اس قدر تیز ہو چکی ہے کہ لوگوں کے پاس اس طرح ذوق و شوق سے ٹی وی ڈرامہ دیکھنے کا وقت ہی نہیں رہا۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں نے اب تک ٹی وی پر جتنا بھی کام کیا ہے اس سے مطمئن ہوں اور میری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں اس سے بھی اچھاکام کروں تاکہ لوگوں کے دلوں میں اپنے کردار سے زندہ رہوں ۔