اسلا م آباد(این این آئی)پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا، احتساب عدالت اسلام آباد نے آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔تحریری فیصلے کے مطابق آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل (2)248کے تحت درخواست دائر کی گئی، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ پراسکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی،
آئین کے آرٹیکل (2)248کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔احتساب عدالت نے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔یاد رہے کہ 19مارچ کو احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں آئندہ سماعت پر نیب سے رپورٹ طلب کی تھی۔اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت جج کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کردی تھی۔