لاہور/کراچی( این این آئی)پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت نے زور پکڑ لیا۔پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں گرمی زور پکڑ گئی ہے جبکہ سندھ میں نواب شاہ، سکھر اور حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں سورج آگ برسا رہا ہے، جہاں پارہ 40 ڈگری یا اس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ماہر ماحولیات ڈاکٹر ذوالفقار نے پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کے بعد سے راتوں میں بھی گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں باہر کم نکلنے، سایہ دار جگہوں پر رہنے اور پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال غیر معمولی مون سون بارشوں کا بھی امکان ہے۔مئی کے تیسرے ہفتے سے پنجاب میں آندھی اور بارشیں شروع ہوں گی۔