اسلام آباد (این این آئی)سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا بڑا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ہم پاکستان کو اپنے اہم بین الاقوامی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔2 روزہ پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے کہا کہ سعودی حکومت اور کمپنیاں پاکستان کو اقتصادی، سرمایہ کاری اور کاروباری حوالے سے ترجیح دیتی ہیں،
بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں، سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان ہمارے لیے اہم تجارتی پارٹنر ہے اور اس کے ساتھ عالمی سطح پر پارٹنر شپ بڑھانا چاہتے ہیں۔سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی حکومت اور کمپنیاں پاکستان کو ایک اعلیٰ ترجیحی اقتصادی اور کاروبار کے لیے ہم سمجھتی ہیں۔
سعودی عہدیدار نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی آبادی، مقام اور قدرتی وسائل سمیت پاکستان کی اقتصادی صلاحیت پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا ایک بڑا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، مشترکہ عقیدے، ثقافت اور مشترکہ اقدار سے جڑے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کو اپنے اہم بین الاقوامی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
سعودی وزیر نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب عظیم مواقع کے بارے میں گہرائی سے آگاہی پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے اپنی شراکت داری کو اگلی سطح تک لے جا سکتے ہیں۔ابراہیم المبارک نے کہا کہ سعودی عرب تقریباً 20 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جنہوں نے مملکت کے وڑن 2030 میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔