لاہور ( این این آئی) آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی اوبر نے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کر دیا۔کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اوبر کی آن لائن ٹیکسی ایپ کریم پاکستان میں کام کرتی رہے گی جو پاکستان میں ہزاروں ڈرائیوروں کے لیے کمائی کا باعث ہے۔لاہور میں صارفین کو ارسال کی گئی ایک ای میل میں اوبر نے کہا کہ اس نے 30 اپریل سے لاہور میں اوبر ایپ سروسز کو مزید جاری نہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔
ای میل میں لکھا تھا کہ ہمای ذیلی کمپنی کریم اپنا آپریشن جاری رکھے گی، اور آپ کے پاس سائن اپ کرنے اور کریم پر سفر کرنے کا اختیار ہو گا۔ای میل میں کہا گیا کہ اگر آپ کے اوبر والیٹ میں اوبر کیش بیلنس ہے تو اس مسئلے کے حل کے لیے وہ جلد ہی تفصیلات جاری کریں گے، ساتھ ہی کریم ایپ پر صارفین کے لیے 50 فیصد رعایت کی آفر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 2019میں اوبر نے کریم کو 3ارب 10کروڑ ڈالرز میں خریدا تھا، اس وقت بتایا گیا تھا کہ کریم اور اوبر خطوں میں کام خودمختار برانڈز کے طور پر کام کریں گے۔اوبر نے 2022 میں کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں اپنے آپریشنز بند کرنے اور اسے لاہور تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان میں دیگر آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ایپس موجود ہیں جن سے صارفین بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔