لندن (این این آئی)انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔بین اسٹوکس بیٹنگ، بولنگ اور وکٹ کیپنگ کیے بغیر ٹیسٹ میچ جیتنے والے واحد کپتان بن گئے۔ آئرلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 10 وکٹوں سے باآسانی کامیابی حاصل کی۔
پہلی اننگز میں آئرلینڈ کی ٹیم 172 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 524 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ دوسری اننگز میں آئرلینڈ کی ٹیم خسارہ ختم کرنے میں کامیاب تو رہی لیکن انگلینڈ کو صرف 11 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 4 گیندوں پر ہی پورا کرلیا۔ انگلینڈ کے اولی پاپ کو 205 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔