پشاور (این این آئی)بی آر ٹی پر تعمیراتی کام نامکمل ہونے کے باعث اسے سالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔دستاویز کے مطابق چمکنی اور حیات آباد پلازہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے، ان پر تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے سے بس سروس متاثر ہو رہی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ دونوں پلازہ پر تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے سے حکومت کو 30 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا مزمل اسلم نے بتایا کہ بی آر ٹی کو سالانہ 4 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے، یہ منصوبہ نقصان میں چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں پلازہ جلد تعمیر کریں گے تاکہ ریونیو بڑھایا جائے، جس کے لیے فنڈ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس پڑے ہیں، حکومت نے پی ڈی اے حکام کو پلازوں کی تعمیر کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔