راولپنڈی (این این آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی جبکہ 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بونیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد سلیم ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔بیان کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب جاوید شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، مزید کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دے سکتیں۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ۔
حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب نے قوم کے امن کی خاطر شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ انہوں نے کہاکہ شہدا قوم کا فخر ہیں، شہدا نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم پر عزم ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ان کی پذیرائی کی اور کہا کہ بونیر میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمنوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم وطن کے بہادر جوانوں کی جرات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔
وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کیلئے مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وطن کی مٹی کے لئے بیٹوں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کیلئے فخر کا باعث ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔