لاہور( این این آئی) پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے ،کچہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل غلام قاسم نے گذشتہ سال راجن پور میں کچہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل غلام قاسم شہید کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، نجی ہائوسنگ کالونی میں تمام سہولیات سے آراستہ 15مرلے کا گھر شہید کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل غلام قاسم کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل غلام قاسم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک مجرمان کا بہادری سے مقابلہ کیا۔