واشنگٹن(این این آئی)ایک امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکہ ہائی الرٹ پر ہے اور شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں خطے میں اسرائیلی یا امریکی مفادات کو نشانہ بنانے والے ممکنہ ایرانی حملے کے لیے تیاری کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جس میں اگلے چند دنوں میں حملے کا امکان بتایا گیا ہے امریکی اہلکار نے بتایا کہ ہم یقینی طور پر ہائی الرٹ کی حالت میں ہیں۔بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں اس وقت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
امریکہ ایران کی طرف سے خطرات کا مقابلہ کرنے میں اسرائیل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔امریکی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے حوالے سے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا خیال ہے کہ شام میں اس کے قونصل خانے پر بمباری پر ایرانی ردعمل ناگزیر ہے۔اس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ اگلے ہفتے کے اندر ایران کی طرف سے بڑے حملے کے لیے ہائی الرٹ پر ہے۔انہوں نے کہاکہ آج تک امریکی اور اسرائیلی حکومتوں کو یہ نہیں معلوم کہ ایران کب جواب دینے کا ارادہ رکھتا ہے یا اس کا جواب کیا ہوگا؟۔