کیوٹو(این این آئی)دنیا کی مہنگی ترین چاکلیٹ490ڈالر میں فروخت ہورہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پوری دنیا میں صرف ایکواڈور کے 14 کھیتوں میں پائے جانے والے نایاب کوکوا پودے سے تیار کی گئی چاکلیٹ دنیا کی قیمتی اور مہنگی ترین چاکلیٹ ہے۔ایکواڈور کا چاکلیٹ برانڈ Toak دنیا کی سب سے مہنگی چاکلیٹ پیش کرتا ہے۔Toak کی چھوٹی چاکلیٹ بار 490 ڈالر فی 50 گرام میں فروخت ہوسکتی ہے لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی مصنوع کو صرف مہنگا بتانا تھوڑی سی ناانصافی ہے۔
چاکلیٹ کے قیمتی اور مہنگا ہونے کے پیچھے صرف ایک نہیں بلکہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔اس چاکلیٹ کے مہنگا ہونے کی ایک ہی وجہ جاننے کیلئے کافی ہے کہ کمپنی صرف بہترین قسم کا کوکوا پودا استعمال کرتی ہے جسے Nacional کہا جاتا ہے۔ یہ پودے کی قدیم قسم ہے جسے 2009 میں معدوم قرار دے دیا گیا تھا۔تاہم Toak بنانے والے لوگ اس قدیم کوکوا پودے کو ایکواڈور کی وادی پیڈرا ڈی پلاٹا میں تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کی اصل جاننے کیلئے ان پودوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا گیا جس سے ثابت ہوا کہ یہ 100 فیصد وہی پودے ہیں جنہیں ناپید قرار دے دیا گیا تھا۔Toak کے شریک بانی جیری ٹوتھ نے کمپنی کے بلاگ پر لکھا کہ اگر یہ ہم پر منحصر ہوتا کہ چاکلیٹ کو کیا کہیں تو ہم اسے بجائے مہنگا ترین کہنے کے دنیا کی سب سے قیمتی چاکلیٹ قرار دیتے۔