کراچی (این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈالر کے قابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہے۔مرکزی بینک نے رپورٹ کیا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 22 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 40 لاکھ ڈالر بڑھ کر 8.021 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک نے ڈالر کی آمد کے ذریعے کا ذکر نہیں کیا تاہم انٹربینک مارکیٹ کے ڈیلرز نے بتایا کہ مرکزی بینک کی جانب سے بینکنگ مارکیٹ سے ڈالر خریدے جا رہے ہیں۔اسی مدت کے دوران ملک کے پاس موجود کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگئے، جس میں سے 5 ارب 40 کروڑ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ہیں۔دوسری جانب، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہتر ہو کر 278 روپے 3 پیسے ہو گئی،
یہ ماہرین مارکیٹ کے لیے باعث تشویش ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی خراب صورتحال اور بڑے تجارتی خسارے کے باوجود کب تک شرح تبادلہ مستحکم رہے گی۔حکومت 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی آخری ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط وصول کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ رابطے میں ہے، اس رقم کی متوقع وصولی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا لیکن اپریل میں یورو بانڈز کی ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر پھر کم ہو جائیں گے۔