اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں موجود تمام چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کی ہے ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان شریک ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وفاقی وزرا، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی آڈٹ بھی کیا گیا۔وزیر ِداخلہ نے اجلاس میں گزشتہ روز ہونے والے بشام واقعے پر بریفنگ دی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کی گئی۔وزیرِ داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔