اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی تشکیلِ نو کردی ہے جس کا باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی کا فیصلہ واپس لے لیا اور وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو چیئرمین ای سی سی مقرر کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی اراکین میں وزیر اقتصادی امور، وزیر تجارت، وزیر توانائی، وزیر پیٹرولیم اور وزیر منصوبہ بندی شامل ہوں گے۔
قبل ازیں میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کی 7 کمیٹیوں کی تشکیل کے اعلان کے صرف ایک روز بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سربراہی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیر اعظم بطور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او سی) برقرار رہیں گے۔کابینہ کے ایک سینئر رکن نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کو خدشہ تھا کہ وہ اپنے مصروف شیڈول اور مصروفیات کی وجہ سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت نہیں کر سکیں گے۔