لاہور( این این آئی)سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ نے ایک ہی سال میں گیس کی قیمتوں میں تیسرا بڑا اضافہ مانگ لیا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی مالی سال 2024-25 کے لیے محصولات کی متوقع ضروریات/مقررہ قیمتوں کے تعین کی درخواست پر عوامی سماعت پیر کے روز ہو گی ۔
سوئی گیس کمپنی نے مالی سال 2024-25 میں قدرتی گیس کے کاروبار میں گزشتہ سالوں کے شارٹ فال سمیت 4446.89 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اوسط مقررہ قیمت کا تخمینہ لگایا ہے۔ درخواست گزار نے دعوی کیا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے لئے آر ایل این جی سروس کی لاگت 325.08 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔اوگرا 25 مارچ کو لاہور اور 27 مارچ کو پشاور میں عوامی سماعت کرے گا ۔
اوگرا27 مارچ کو پشاور میں عوامی سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔مزید برآں گیس صارفین کی تمام کیٹیگریز کو ان کے ماہانہ گیس بلوں کے ذریعے مذکورہ عوامی سماعتوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔گیس کی قیمت بڑھنے کی صورت میں بلوں میں اوسطاً155 فیصد تک مزید اضافہ ہو گا، اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکاہے تاہم نیا اضافہ یکم جولائی سے لاگو ہو گا۔