لاہور( این این آئی ) تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی افواج کے خلاف مہم نہیں چلا رہی ، جو لوگ پاک فوج کے خلاف مہم چلارہے ہیں ان سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت میں جج نہیں ہے ، عبوری ضمانت پر سماعت ملتوی ہو گئی ،ہم اپنے سب کام چھوڑ پر آتے ہیں ،دس ماہ سے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وفد پاک فوج کے شہدا ء کے گھروں میں جائے گا ۔ پی ٹی آئی افواج کے خلاف مہم نہیں چلا رہی ۔ جو لوگ ایسا کر رہے ہیں ان سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا چاہیے ،آئی ایم ایف آفس کے باہر احتجاج سے بھی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی جلد بری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں گیس سلنڈر حادثے کی وزیر اعلی کو انکوائری کرانی چاہیے ،وزیر اعلی مریم نواز ابھی تک متاثرین کے گھر نہیں گئیں ان کو وہاں جانا چاہے۔