میر علی (این این آئی)شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں کے کمانڈر سمیت آٹھ دہشتگرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مذکورہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔
آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔دہشت گرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر ہوئے حملے میں ملوث تھا۔ہلاک دہشت گرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔