لاہور (این این آئی )شوبز کو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ زمین و آسمان کا مالک کسی انسان کو کسی بھی وقت ہدایت دے سکتاہے ،مجھے دنیا میں گزارے ہوئے اپنے بے مقصد وقت پر پچھتاوا ہورہا ہے ۔ ایک انٹر ویو میںانہوںنے کہا کہ شوبز میں طویل عرصے تک کام کیا اور عروج دیکھا لیکن میںخدا کی ذات کی شکر گزار ہوں جس نے میری آنکھیں کھول دیں اور مجھے ہدایت نصیب فرمائی ۔
میں بہت کمزور ہوں اور ہر وقت اپنے اللہ سے اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کی گڑ گڑا کر معافی مانگتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میںنے اپنا رجحان دین کی طرف کرلیا ہے اور یہ ہدایت خدا کی طرف سے ملی ہے ،جب سے اس طرف راغب ہوئی ہوںمجھے دنیا میں گزارے ہوئے اپنے بے مقصد وقت پر پچھتاوا ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ میری لوگوں سے ایک ہی اپیل ہے کہ پسے ہوئے طبقات کا ہاتھ تھامیں کیونکہ آج کل لوگ بڑی مشکلات کا شکار ہیں ، اگر آپ خدا کی ذات کی قربت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کی مخلوق کی خدمت سب سے بہترین ذریعہ ہے ۔