اسلام آباد (این این آئی)سوئی سدرن گیس کمپنی نے یکم جولائی 2024 سے گیس کی قیمتوں میں 324 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)سے درخواست کردی ہے جس سے صارفین پر 79 ارب 63 کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا سے نئی اوسط قیمت 1740.80 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے آئندہ مالی سال کے لیے درخواست میں مجموعی طور پر 79 ارب 63 کروڑ روپے کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے جس کے تحت مقامی گیس کی مد میں 56 ارب 69 کروڑ روپے جبکہ آر ایل این جی کی مد میں 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے کے رینویو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔دوسری جانب اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر پیر کو کراچی میں اور 20 مارچ کو کوئٹہ میں سماعت کرے گا،
اوگرا کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک گیس کی قیمتوں میں 2 بار اضافہ کیا جاچکا ہے۔یکم نومبر 2023 سیگیس ٹیرف میں تقریباً 200فیصد تک اور یکم فروری 2024 سے گھریلو صارفین کیلئے گیس67 فیصد تک مزید مہنگی کی گئی ہے، رواں مالی سال گیس کی قیمتوں میں اضافے کا گیس صارفین پر تقریباً 643ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جاچکا ہے۔