لاہور( این این آئی)گھی مینو فیکچرز نے پنجاب بھر میں گھی کی قیمتوں میں 15روپے فی کلوگرام کمی کا اعلان کر دیا جس پر فوری اطلاق ہوگا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان مانیٹرنگ وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا ۔
جس میں صوبائی وزرا ء بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمن، عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ ،ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران جبکہ پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین منیب منوں کی قیادت میں وفد کی خصوصی شرکت کی ۔وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گھی مینو فیکچرز کی جانب سے ماہ مقدس میں گھی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
شافع حسین نے گھی مینو فیکچرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے رمضان المبارک کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے گھی مینو فیکچرز کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کرائی جائے گی۔