واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے رہنما مسلم لیگ (ن)مریم نواز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب تقرر کو پاکستانی سیاست میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ کے درمیان محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی کے طور پر مریم نواز کے انتخاب کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی سیاست میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
میتھیو ملر نے امید ظاہر کی کہ مریم نواز کا انتخاب پاکستانی سیاست میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی راہ ہموار کرے گا۔8 فروری کے انتخابات کے بعد نئی حکومت کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ میں نئے وزیر اعظم کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جیسا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ ہم پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہم مستقل طور پر ایک مضبوط، خوشحال، اور جمہوری پاکستان کو امریکا-پاکستان کے مفادات کے لیے انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔
نئی قیادت کے ساتھ روابط کے تسلسل پر زور دیتے ہوئیمیتھیو ملر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ ہماے روابط ان مشترکہ مفادات پر توجہ مرکوز کرتے رہیں گے۔ترجمان نے مریم نواز کے نئے وزیر اعلی کے طور پر انتخاب کو پاکستانی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین بشمول امریکا-پاکستان ویمن کونسل ، سول سوسائٹی و دیگر کو ملک کی سیاست، معیشت اور دیگر فیصلہ سازی کے شعبوں میں مکمل طور پر ضم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ زیادہ وسیع پیمانے پر تعاون کے منتظر ہیں۔