راولپنڈی (این این آئی)پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا اور لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اپنا کھاتا کھول لیا۔
راولپنڈی میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول میچ میں شدید بارش کی وجہ سے ٹاس تک نہ ہو سکا۔جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور لگائے گئے تھے اور بارش رکنے کے بعد اسے ہٹا دیا گیا تھا جس سے میچ شروع ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی تاہم دوبارہ بارش کے آغاز کے بعد میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس میچ کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ایونٹ میں پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا جہاں اس سے قبل قلندرز کو لگاتار پانچ میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔