اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھ دیا۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خط میں آئندہ بیل آئوٹ پیکیج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام کو مدنظر رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ خط میں بانی پی ٹی آئی نے اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔
خط کی مزید تفصیلات عوامی سطح پر بتائی جائیں گی۔ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف نے خط کے حوالے سے بھیجی گئی ای میل کا جواب نہیں دیا۔دوسری جانب ایک نجی ٹی وی کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈز نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی بھی خط تاحال موصول نہ ہونے کی تصدیق کردی۔نجی ٹی وی نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے دو رہنماؤں نے عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کی تاہم اْدھر آئی ایم ایف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاحال کوئی خط موصول نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔