کراچی(این این آئی)ایم کیو ایم پاکستان نے اعلی تعلیم یافتہ اور کم عمر نوجوانوں کو اسمبلی میں پہنچا کر نئی روایت رقم کر دی اب سندھ کے ایوان میں پی ایچ ڈی ہولڈرز اور انجینئرز بھی نظر آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کا ایوان پہلی بار انجینئرز،پی ایچ ڈی ہولڈرز اور اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کی عوامی مسائل کے حل کے لیے تقاریر سے گونجے گا۔ ایم کیو ایم نے 25 سالہ ماسٹر ڈگری ہولڈر معاذ محبوب کو ایوان بھیج کر نئی روایت قائم کی ہے۔
انجینئراور ڈبل ماسٹرز ڈگری ہولڈر عادل عسکری بھی ایوان میں نوجوانوں کی نمائندگی کریں گے، عادل عسکری نے تو عوام کے مسائل کے حل کے لیے ویب ایپلی کیشن بھی بنا ڈالی۔بیرون ملک سے تعلیم یافتہ اور علمی شعبے سے تعلق رکھنے والے عبدالباسط پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں، ان کا عزم نوجوانوں کو تعلیمی میدان اور ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔سیاسی تجزیہ نگاروں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے ایوان میں پندرہ سے زائد نوجوان چہروں کو متعارف کرا کر سندھ کی پارلیمانی سیاست میں نئی روایت کی بنیاد ڈالی ہے۔