لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی کے 371 میں سے 321 اراکین نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے 193 ،سنی اتحاد کونسل کے 98 ،مسلم لیگ (ق)کے 10 ،پاکستان پیپلزپارٹی کے 13 ،استحکام پاکستان پارٹی کے 5 ارکان جبکہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ( ض)کے ایک ،ایک رکن نے حلف اٹھایا۔ سپیکر سبطین خان نے ارکان اسمبلی سے حلف لیا،پنجاب اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ( ہفتہ ) کے روز خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا،
سپیکر کے لئے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر اورڈپٹی سپیکر کے لئے مسلم لیگ (ن) کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی کے درمیان مقابلہ ہوگا ،پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں ہی مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف خلاف شدید نعرے بازی کی ، مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلی مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے ایوان میں پہنچیں تو لیگی اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے ۔پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس مقررہ وقت صبح 10 بجے کی بجائے 2 گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا ۔