لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ، پیپلزپارٹی کیساتھ مل کرمرکز میں حکومت بنالے،مسلم لیگ (ن) کو کانٹوں کاتاج سجانے کا کوئی شوق نہیں۔انہوںنے مرکز میں حکومت بنانے کے لیے اپنی پارٹی کی کوششوں کی اعلانیہ طور پر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس کانٹوں بھرے تاج کو اپنے سر پر سجانے کی کوئی خواہش نہیں رکھتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس)پر انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کو قطعی اکثریت حاصل نہیں، وفاقی حکومت کی تشکیل مسلم لیگ (ن) کی نہیں پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پہل کریں، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت بنالیں، ہم مبارکباد پیش کریں گے، مسلم لیگ (ن) کو کانٹوں کا یہ تاج اپنے سر پر سجانے کا کوئی شوق نہیں۔