اسلام آباد (این این آئی)سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
نجم ثاقب کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری پارلیمانی امور، اسپیکرقومی اسمبلی، خصوصی کمیٹی اور سیکرٹری کمیٹی کو فریق بنایا گیاہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 2 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے مبینہ آڈیولیکس کی تحقیقات کیلئیکمیٹی قائم کی،آڈیولیکس پٹیشنر کی پرائیویسی میں مداخلت اور غیرقانونی سرویلنس کا نتیجہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ اسپیکرکی تشکیل کردہ کمیٹی غیرقانونی ہے، انہیں ایسا کرنے کا اختیار نہیں، 25 مئی کو سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں ذاتی حیثیت میں کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا، کمیٹی کا اجلاس ہوئے بغیر ہی طلبی کا نوٹس بھیج دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو غیر قانونی قرار دے کر کارروائی معطل کرے اور درخواست پر فیصلہ ہونے تک پٹیشنر کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔