اسلام آباد( این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا جبکہ پہلی بار شکایات درج کرانے کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کیا جائے گا،اسٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم میں مانیٹرنگ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، شکایات درج کرانے کے لیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں جبکہ ای میل اور یونیورسل فون نمبر پر پورے ملک سے شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم ہارون شنواری نے بتایا کہ صوبائی سطح پر چار کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں، 32 ریجنل مانیٹرنگ کنٹرول رومز الیکشن کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔انہوںنے بتایا کہ 26 دسمبر سے اب تک 625 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ، 252 امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، 156 لوگوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے ہیں۔ہارون شنواری نے کہا کہ 12 ہزار 236 وال چاکنگ اور ہورڈنگز کو ہٹایا گیا ہے، اب تک 221 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 198 کو حل کرلیا گیا ہے، ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل بھی کیا جاسکتا ہے۔