گوجرانوالہ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں صرف کرپشن ہی کم نہیں تھی بلکہ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم تھیں،ہم پاکستان میں سی پیک لائے ،پاکستان کے اندر ساٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی ، اس وقت یہ دھرنے کر رہے تھے اورہم کام کر رہے تھے ،
امیں دعوے سے کہتا ہوں اگر ہمارا دور رہتا اور میری چھٹی نہ کرائی جاتی تو آج مجمع میں ایک بھی بیروزگار نہ ہوتا، وہ جج جو آئندہ چیف جسٹس بننے والا تھا وہ خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا ،اس وقت یہی وہ جج تھا جس نے مجھے سزا دلوائی اوربطور وزیر اعظم میری چھٹی کرائی ، انہوںنے پاکستان کے غریب پر کتنا ظلم ڈھایا ، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا نہیں ہو جاتا، ہم جی ٹی روڈ کو بھی موٹر وے بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گوجرانوالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔