اسلام آباد (این این آئی)چودھویں سائوتھ ایشین گیمز ایک بار پھر تاخیر کاشکار ہونے کا امکانات بڑھ گئے، پاکستان سیف گیمز کی میزبانی کرے گا یا نہیں؟ وزارت خارجہ سے سیف گیمز کی میزبانی بارے راہنمائی لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیف گیمز اسٹیرینگ کمیٹی کا اہم اجلاس نگراں وزیر منصوبہ بندی محمد سمیع سعید کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈشعیب کھوسو صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عابد قادری، سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمودسمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ساوتھ ایشن گیمز کی میزبانی، انعقادمیں درپیش رکاوٹوں کا جازہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر وزارت خارجہ سے راہنمائی لی جائے گی ۔ وزارت خارجہ کی سفارشات کو منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوایا جائیگا ۔ اجلاس میں سیف گیمز کی کے انعقاد اور پاکستان کے دنیا میں گیمز کے ذریعے سافٹ امیچ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سیف گیمز میں جنوبی ایشیائی ممالک کے پانچ ہزاراتھلیٹس اور آفیشلز نے شرکت کرنی ہے۔ پاکستان نے مارچ 2024میں سیف گیمز کی میزبانی کرنی ہے ۔ سیف گیمز پاکستان میں نہ ہونے کی صورت میں سری لنکا میزبان ملک بن جائیگا۔کورونا کے باعث سیف گیمز 2021میں پہلی بار اور پھر 2022میں پی ٹی آی دور حکومت میں دوسری بار ری شیڈول کی گی تھی۔