اسلام آباد(این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا ورچوئل اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا جنرل باڈی اجلاس پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں طلب کیا گیا،جنرل باڈی ورچوئل اجلاس میں کوئٹہ پشاور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے ممبران اور عہدیداران شریک ہوئے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کرلی گئی ۔
پی ٹی آئی اعلامئے کے مطابق قرارداد پاس ہونے کے بعد اب جلد انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جائیں گے، پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی ہدایات کے تحت اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں۔جاری اعلامئے کے مطابق اجلاس میں رئوف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر فیڈرل مقرر کردیا گیا جبکہ قاضی محمد انور خیبر پختون خواہ، ولید اقبال پنجاب، نورالحق قریشی سندھ، سید اقبال بلوچستان اور شاہ ناصر گلگت بلتستان کے صوبائی الیکشن کمشنر مقرر کئے گئے، قرارداد کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔