ریاض(این این آئی )سعودی عرب میں 500 بلین ڈالر کی لاگت سے تیار کیے جانے والے نئے شہر نیوم میں جانوروں اور جنگلی حیات کے لیے ایک بڑا جنگل قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ چار مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا جنگل جانوروں اور پودوں سے بھرا ہوا ہوگا۔
اس جنگل میں 4 انتہائی پرتعیش عمارتیں ہوں گی۔پہاڑوں سے سمندر کے کنارے تک پھیلے ہوئے اس جنگل میں 100 کمروں پر مشتمل تین ہوٹل ہوں گے۔ نیز 360 ڈگری پرآبزرویشن ڈیک کی مدد سے وادی کے نیچے اور سمندر کے اوپر کے نظارے کیے جاسکیں گے۔زردون پراجیکٹ مرجان کی چٹان کو دوبارہ تخلیق کرنے میں ماحولیاتی نظام کی فعالیت کی مدد کرنے کے طور پر کام کرے گا اورعربی اوریکس جیسے مقامی جانوروں کو متعارف کرا کر زمین کی تزئین کو بحال کرے گا۔
زردون پراجیکٹ میں ہائکنگ ٹریک، پہاڑ پر موٹرسائیکل چلانے اور چٹانوں پر چلنے جیسے کئی کھیل بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ان تفریحی سرگرمیوں میں سٹار گیزنگ، مراقبہ اور یوگا بھی شامل کیا گیا ہے۔نیوم سٹی کے جاری کردہ بیان میں زردون پراجیکٹ کی پائیداری سے متعلق بتایا گیا ہے کہ زردون کی پائیداری ماحولیاتی ذمہ داری کے تمام پہلوں پر محیط ہے۔
متنوع رہائش گاہوں کی مدد کے لیے نخلستانوں کی ایک سیریز بھی بنائی گئی ہے۔ جو مقامی جانوروں، درختوں اور پودوں کی مختلف انواع کے دوبارہ تعارف اور پروان چڑھنے میں مدد دے گا۔سعودی نیوم میں نیچر ریجن کے سربراہ ڈاکٹر پال مارشل نے بتایا کہ بحیرہ احمر اور خلیج عقبہ میں تحفظ کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔ ماہرین مصنوعی ذہانت کی مدد سے سمندری انواع کا پتا لگا رہے ہیں۔ تاکہ مرجان کی چٹانوں کی حفاظت اور سیاروں کی تخلیق کو تیز کیا جاسکے۔