لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا ۔میاں اظہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد اور سابق گورنر پنجاب ہیں۔ وہ این اے 129کی انتخابی مہم میں مصروف تھے جس کے دوران انہیں حراست میں لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں اپنے والد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ بزدل لاڈلے اور خوفزدہ حکومت کے حکم پر میرے والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ 82سالہ میاں اظہر کو این اے 129میں ریلی نکالنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یہ کارروائی کی گئی۔واضح رہے کہ میاں اظہر لاہور میں قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔حلقہ این اے 129سے حماد اظہر کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہ مل سکی تھی اور ان کے والد کو اجازت مل گئی تھی۔
اس سے قبل 24جنوری کو جناح ہائوس حملہ کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر کے گھر لاہور پولیس نے گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا تاہم حماد اظہر کو پناہ دینے والے ملزم نے انہیں فرار کروا دیا تھا۔پولیس نے پناہ دینے والے 2افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔جعفریہ کالونی میں چھاپے کے دوران حماد اظہر کے ساتھیوں نے پولیس کو دیکھ کر شور مچا دیا تھا جس پر پولیس کے پہنچنے تک حماد اظہر فرار ہو گئے تھے۔