پشاور (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب کہتے تھے سب کو جیلوں میں ڈالوں گا آج خود جیل میں ہیں، کہتے تھے این آر او نہیں دوں گا آج کہتے ہیں سب سے بات کرنے کو تیار ہیں،ہم خان صاحب کو سمجھاتے رہے اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کو کہتے رہے کہ نفرت کی سیاست نہ کرو، پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پر خوش نہیں ہونا چاہیے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو قائد عوام کی بیٹی پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی بیٹی کو گرفتار ہوتے دیکھنا پڑا، اپنی حکومت میں سیاسی مخالفین کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار نہیں کروں گا، مخالف کی بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنا بینظیر کی سیاست نہیں ہے، اس جماعت کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہی سب کچھ آپ کے ساتھ بھی ہوگا، آپ نے تین تین بار نواز شریف کو دیکھا آپ دکھائیں یہ کتنا سچا نواز ہے۔
مسلم لیگ (ن )پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سی پیک کے بانی نواز شریف نہیں، آصف زرداری نے سی پیک کیلئے چین کے دورے کیے، معاہدے کیے، ن لیگ نے سی پیک کا پیسا چوری کرکے اورنج لائن پر لگایا، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ پشاور کے عوام نے جس طرح پیپلز پارٹی کا استقبال کیا اس پر شکر گزار ہوں، پتا نہیں ان کا کیا ہوگا جو سردی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے، چاہے بلدیاتی الیکشن یا ضمنی الیکشن وہ ہمیشہ بھاگتے رہے، خیبر پختونخوا میں پہلے بھی 10 ورکرز کنونشن کر چکا ہوں۔