نیویارک/اسلام آباد(این این آئی)اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سفیروں کے اجلاس میں شرکت کی ۔اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارتی شہر ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ اٹھایا۔
اعلامیے کے مطابق منیر اکرم نے مسئلے پر یو این الائنس فار سویلائزیشن کو لکھے خط کے مندراجات بھی پیش کیے۔خط کے متن کے مطابق پاکستان ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کی مذمت کرتا ہے۔منیر اکرم نے کہاکہ صدیوں پرانی بابری مسجد کو 1992 میں المناک طور پر منہدم کیا گیا، قابل مذمت فعل کے باجود ذمے داروں کو بری کردیا گیا۔پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہاکہ بابری مسجد کی جگہ پر مندر بنانے کی بھی اجازت دی گئی۔