لاہور( این این آئی)پولیس نے 9مئی کو جناح ہائوس حملہ کیس میں اشتہاری پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حماد اظہر کو پناہ دینے والے دو افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس کے مطابق جناح ہائوس پرحملے کے مرکزی مقدمہ میں نامزد اشتہاری حماد اظہر کی جعفریہ کالونی شیرا کوٹ میں موجودگی کی اطلاع ملی جس پرپولیس نے چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران جائے وقوعہ پرموجود افراد نے شورمچادیا اوراشتہاری حماد اظہر کو فرار کرا دیا گیا ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے دو افراد کو گرفتارکرلیا جنہوں نے ملزم کوپناہ دے رکھی تھی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔واضح رہے کہ حماد اظہرکے خلاف دہشتگردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور انہیں عدالت سے اشتہاری قرارد لوایا جاچکا ہے۔