لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی صاحبزادی و پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ہمراہ اپنے انتخابی حلقہ این اے 130 میں تاریخی انتخابی ریلی نکالی، نواز شریف اور مریم نواز کی شرکت کی وجہ سے نہ صرف حلقہ این اے 130 بلکہ دیگر حلقوں سے بھی کارکنان اور عوام ریلی میں شریک ہوئے ،
ریلی کے موقع پر گھڑ ڈانس دکھایا گیا اور آتش بازی کی گئی جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں رنگے برنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے ، اس موقع پر کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے میاں صاحب آئی لو یو ، میاں تیرے جان نثار بے شمار بے شمار کے نعرے بھی لگاتے رہے ، ریلی کے راستے میں آنے والے گھروں کی چھتوں سے خواتین اور بچے اور دکانوں سے تاجر نواز شریف کی گاڑی اور ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ اپنے انتخابی حلقہ این اے 130کا طویل دورہ کیا ۔ نواز شریف اور مریم نواز کی آمد سے قبل ہی بڑی تعداد میں کارکنان اور عوام ریلی کے آغاز کے مقام موہنی روڈ پر جمع ہو گئے اورڈھول کی تھاپ اورپارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ نواز شریف اور مریم نواز کی آمد پر کارکنوں کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ اس موقع پر گھڑ ڈانس بھی دکھایا گیا ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنان کی جانب سے ریلی کا مختلف پوائنٹس پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ریلی کے راستے پر آنے والے گھروں کی چھتوں پر موجود خواتین اور بچے نواز شریف اورمریم نواز کی گاڑی اور ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاںنچھاور کرتے رہے جبکہ ریلی کے روٹ پر تاجروںنے بھی پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔ ریلی میں کئی مقامات پر کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے گئے جس کے لئے کارکنان اور بچے ایک دوسرے کو دھکے دیتے رہے ۔ ریلی میں کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد ہونے کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہی ۔
نواز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں انتخابی ریلی کا موہنی روڑ سے آغاز ہوا جو یونیک بیکری چوک سے ،آرئیں بلڈنگ چوک،کالے کی پلی،رحمان روڈ،لیبیا روڈ،کریم پارک ڈبل سڑک،چوہدری جاوید آفس،مین بازار قصور پورہ،مسجد وزیر اسلام ،مکہ روڈ،میاں میڈیکل سٹور کریم پارک،یاسین روڈ،،آفتاب چوک امین پارک، گلی نمبر 9 مین بازار،مین بازار کھوکھر ٹائون اوردیگر مقامات سے ہوتے ہوئے ضلعی کچہری پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔نواز شریف اور مریم نواز نے بعض مقامات پر گاڑی سے باہر نکل کر ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ ریلی کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ پولیس اہلکاروں اورپارٹی رہنمائوںنے گاڑی کو اپنے حصار میں لئے رکھا ۔