لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا ہے کہ پچھلے پانچ سال گھس بیٹھیوںنے لاہور پر قبضہ کر لیا تھا اورکوئی ترقیاتی کام نہیںہوا ،خدمت کے جو نشان مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر گئی تھی وہ وہیں پر ہیں،8فروری کو گھس بیٹھیوں کو اٹھا کر لاہور سے باہر پھینکنا ہے ، شیر پر جتنی مہریں لگیں گی اتنی تیزی سے ترقی ہو گی مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ پی پی 159میں انتخابی مہم کے آغاز پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا مبشر اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز کا انتخابی حلقے میں آمد کے موقع پر جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رانا مبشر اقبال اور دوسرے جن لوگوںنے انتخابی ریلی کا اہتمام کیا میں تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔میںپی پی 159 کے عوام سے وعدہ کرتی ہوں آپ شیر کو فتح سے ہمکنار کرائو ،لاہور سے وعدہ کرتی ہوں شیر کو فتح سے ہمکنار کرائو ان شااللہ پہلے کی طرح آپ کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں گے۔ آپ دیکھ لیں کہیں سے میٹرو بس گزر ہی ہے کہیں سے سپیڈو بس گزر رہی ہے جگہ جگہ نواز شریف ،شہباز شریف اور شیر کی خدمت کے نشان نظر آئیں گے۔