اسلام آباد (این این آئی)انتخابی نشان تبدیل ہوئے تو الیکشن کمیشن متعلقہ حلقوں میں انتخابات ملتوی کرسکتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں انتخابی نشان تبدیل کرنے کے معاملے پر ہائی کورٹس کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اگر عدالتی فیصلوں کے ذریعے انتخابی نشان تبدیل ہوئے تو الیکشن کمیشن متعلقہ حلقوں میں انتخابات ملتوی کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دراصل الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلیے زیادہ مہلت موجود نہیں ہے۔اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن اس بار گزشتہ مرتبہ سے ایک تہائی زیادہ بیلٹ پیپرز چھاپ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر ہائی کورٹس کی جانب سے انتخابی نشان تبدیل کئے گئے تو الیکشن کمیشن کے لئے وقت پر انتظامات مکمل کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حلقوں میں بیلٹ پیپرز ایئر لفٹ کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔