لاہور( این این آئی)حکومت کی جانب سے شمسی توانائی کے شعبے کو مراعات دینے کا فیصلہ کرلیا گیا،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے آئندہ اجلاس میں شمسی شعبے کیلئے مراعات کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ،وزارت تجارت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وزارت صنعت و پیداوار سے ملاقات کرے گی تاکہ ٹیرف پالیسی بورڈ کے لئے پی وی سولر مینوفیکچرنگ کے لئے مراعات کو حتمی شکل دی جاسکے۔
بتایا گیا ہے کہ غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دو فہرستیں ایک پہلے ہی ٹی پی بی کی جانب سے منظور شدہ ہے اور دوسری اضافی اشیا ء (مشینری اور ان پٹ آئٹمز) جو کمپنی کی جانب سے ان کی درآمدات پر ڈیوٹی استثنیٰ کے لیے درخواست کی گئی ہیں، انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ تیار کرے گا۔کمپنی کے درآمد کردہ پینلز پر آنے والے اخراجات اور برآمد کیے جانے والے اور مقامی فروخت ہونے والے پینلز کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی کی سرمایہ کاری کی لاگت اور فائدے کو جانچا جائے گا۔
انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کمپنی کے مقامی تیارکردہ اشیاہ کی استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پر ڈیوٹی اور ٹیکس سے استثنیٰ دینے کے لئے ان اشیا ء کی نشاندہی کرے گا۔ اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے درآمد شدہ پینلز پر اور مقامی طور پر تیار کردہ پینلز پر آنے والی لاگت کو دیکھے گا اور اس کے ذریعے کمپنی کی سرمایہ کاری کی لاگت اور فائدے کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ای ڈی بی کا جائزہ سولر پینل کی مقامی مینوفیکچرنگ میں کمپنی کی جانب سے ویلیو ایڈیشن کا جائزہ لے گا۔ اس جائزے کو ایس آئی ایف سی ورکنگ گروپ کے ساتھ اس کے اگلے اجلاس میں شیئر کیا جائے گا تاکہ ٹیرف پالیسی بورڈ کو سفارشات کو حتمی شکل دی جاسکے۔