اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم تکبیر محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے قوم کی کم سے کم دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کی جانب شاندار سفر کی کہانی ہے، اس عظیم کامیابی کا حصول قومی طاقت کے تمام مراکز کے درمیان اتفاق رائے سے ممکن ہوا، اس دن پاکستان نے اپنے دفاع کیلئے ایک ریڈ لائن مقرر کی اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے کھیل کے اصول وضع کئے۔
اتوار کو یوم تکبیرکی مناسبت سے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم تکبیرکی سلو جوبلی پر میں سیاسی اور عسکری قیادت، سائنس دانوں، انجینئرز اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمارے ایٹمی پروگرام سے وابستہ رہے، ان کی محنت، عزم اور ولولہ نے پاکستان کے عوام کو اپنی آزادی کی کسی بھی خطرہ سے حفاظت کو ممکن بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز کیا اور میرے قائد محمد نواز شریف نے تمام دبائو اور لالچ کو جھٹلاتے ہوئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری مسلح افواج نے ہمارے دشمنوں کے مذموم عزائم کے خلاف اس پروگرام کی سرپرست اور حفاظت کی ذمہ داری نبھائی۔