All posts by mshijazi

pti

حکومت نے بلاول کی ثالثی کی پیشکش مان لی، پی ٹی آئی سے بات کرنے کی ذمہ داری بھی دیدی

اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے اور پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے بلاول بھٹو کی ثالثی کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے ان کو ہی یہ ذمہ داری سونپ دی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ بلاول بھٹو اگر تحریک انصاف سے شرکت کی یقین دہانی کرالیں تو حکومت قومی سلامتی کا اجلاس دوبارہ بلانے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو خود حکومت کا حصہ ہے اگر وہ ثالثی کا تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتے ہیں اور یہ مذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی۔پیکا قانون سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیکاٹ ایکٹ ضروری ہوگیا ہے تاہم اس کے غلط استعمال کی شکایات جو سامنے آئیں وہ بھی جائز ہیں اور ان مسائل مل بیٹھ کر بات چیت سے حل کیا جاسکتا ہے۔

بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل میں فورتھ امپائر کا کردار بڑھا دیا

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے حالیہ ایڈیشن میں فورتھ امپائر کا کردار بڑھادیا۔نئی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق کپتانوں کی حالیہ میٹنگ میں زور دیا گیا کہ ٹیموں کی جانب سے فورتھ امپائر پر اثرانداز یا اسے متاثر نہیں کرنا چاہئے۔ میدان سے باہر اس آفیشل کو ہمہ وقت بیٹ کا سائز چیک کرنے، ڈگ آئوٹ میں پلیئرز کی مانیٹرنگ اور کوٹے کے اوور پورے کرنے والے بولرز کے میدان چھوڑنے کے معاملے پر بھی نگرانی رکھنا ہوگی، پلیئرز کسی فیصلے کیخلاف ان سے اظہار مایوسی نہیں کرسکتے۔

چینی وزیر اعظم کی امریکہ کو مذاکرات کی پیشکش

بیجنگ(این این آئی )چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے، دونوں ممالک کو تصادم کے بجائے مشترکہ ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بیان بیجنگ میں ایک اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس میں امریکی کاروباری شخصیات اور سینیٹر اسٹیو ڈینز شریک تھے۔ ڈینز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، اور ان کے اس دورے کو چین-امریکہ تعلقات میں بہتری کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔لی چیانگ نے کہا کہ “ہمیں تصادم کے بجائے مذاکرات، اور صفر جمع مقابلے کے بجائے مشترکہ فائدے کی راہ اختیار کرنی چاہیے”۔ اجلاس میں فیڈ ایکس، فائزر اور کوالکوم جیسی بڑی امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز بھی موجود تھے۔چینی وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ عالمی اقتصادی استحکام کا خواہاں ہے، اور امریکہ کو بھی چین کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔لی چیانگ نے کہا کہ “چین ہمیشہ انصاف اور درست سمت میں کھڑا رہے گا اور عالمی معیشت میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا”۔اجلاس میں چین سے امریکہ میں فینٹینائل اور اس کے کیمیکل اجزا کی ترسیل جیسے حساس موضوعات پر بھی بات چیت کی گئی۔

معیاری بیج کی فراہمی سے ملک میں زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی سے ملک میں زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے ،آج بھی پاکستان کی آبادی کا تقریباً 65 فیصد حصہ دیہاتوں میں زندگی گزار کر پاکستان کے لیے اناج پیدا کرتا ہے۔پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی)میں جدید ایرو پانکس طریقے سے کاشت کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہاکہ پی اے آر سی میں زرعی ترقی کے لیے کام ہورہا ہے، یقین ہے پی اے آر سی کی محنت سے زراعت ترقی کرے گی۔انہوںنے کہاکہ آلو کے بیچ سے متعلق جمہوریہ کوریا کے تعاون سے ادارہ قائم کیاگیا ہے، آلو کے بیچ سے متعلق ادارے کے قیام پر جمہوریہ کوریا کے مشکور ہیں، جمہوریہ کوریا مضبوط معیشت، مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ کسان دن رات محنت کرتا ہے اور اسے آج انہیں بہترین بیج، کھاد، اصل ادویات کی ضرورت ہے، اگر وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ ملکر کسانوں کو یہ اشیا مناسب قیمتوں پر مہیا کردے تو مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے اندر دوبارہ ایک ذرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا محنتی اور قابل کسان بہترین بیج کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ کرے گا کیوں کہ اللہ نے پاکستان کو بہت زرخیز زمین دی ہے اور انہیں بہترین ماحول فراہم کیا گیا تو اگلے چند سالوں میں ملکی زراعت اتنی توانا ہوجائے گی کہ ملکی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور ایکسپورٹ کے لیے سرپلس بھی مہیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں پاکستان میں تقریباً 16 ملین کاٹن کی بیلز کے قریب پہنچ گئے تھے اور آج کاٹن کی پیداوار بہت کم ہے اور ہم اربوں ڈالر خرچ کرکے کاٹن امپورٹ کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کاٹن میں بھی ہماری ہمسایہ ہم سے آگے نکل گیا اور ہم کمشکش میں رہے اور 20، 25 سال سے کوئی معاہدہ نہیں کرسکے، اگر کوئی رسک تھا تو وہ لے لیتا تاکہ آج پاکستان کے اندر کاٹن کی پیداوار بہت بہتر ہوجاتی یا پھر اس کا متبادل ہم لے آتے، چین میں آج اس طرح کی سکت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی حال، گنے کی پیداوار کا ہے جس میں دیگر ممالک بہت آگے نکل گئے لیکن ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں، اس پر ہمیں اپنے کسانوں، ایکسپرٹس کو دعائیں دینی چاہیے جن کی محنت سے یہ معاملہ آج چل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو زراعت کو چار چاند لگائیں گے تو لوگ آپ کو ہاتھوں میں اٹھائیں گے کیوں کہ اسی میں پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی۔

قومی معاملات پر اتفاق رائے ناگزیر ہے، ملکی مفادات کے لئے اجتماعی فیصلے کیے جائیں’بلاول بھٹو زرداری

لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے امن و امان پر خصوصی توجہ دینے اور قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ہے، ملکی مفادات کے لئے اجتماعی فیصلے کیے جائیں جس کے لئے سب کو متحد ہونا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں گرینڈ افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سمیت پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی عروج پر ہے اور سیاست تقسیم کا شکار ہے، دہشت گرد بلوچستان اور خیبرپختونخوا سرگرم ہیں۔پوری قوم اور تمام جماعتوں کو دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔تمام جماعتوں کو ملک و قوم کے لئے ایک جگہ پر جمع ہونا ہوگا، اپوزیشن کو سیاست کرنی ہے تو وہ عوامی ایشوز پر بات کرے کیونکہ اب وقت ہے کہ ملکی مفادات کے لئے اجتماعی فیصلے کیے جائیں۔ہمیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے بین الاقوامی طاقتیں ہوں گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مقابلہ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے ،عوام کے کئی مسائل ہیں ان میں ایک دہشت گردی اور معاشی بحران ہے ، عوام غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہے ہیں،پاکستان کے عوام سیاست دانوں کی طر ف دیکھ رہے ہیں،عوام کے مسائل کا حل ترجیح ہونی چاہیے، قومی ایشو پر اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیز ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہمیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اپوزیشن ذاتی مفادات کے بجائے عوامی ایشو پر سیاست کرے، کچھ سیاسی جماعتوں نے قومی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جو کہ افسوسناک ہے، اپوزیشن پارٹی سے اپیل ہے کہ لیڈر کی رہائی کے علاوہ بھی مسائل پر توجہ دے،قومی ایشوز پر اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیر ہے، تمام جماعتوں کو ذاتی مسائل کی بجائے ملک اور قوم کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔،وزیراعظم سے بھی اپیل ہے ایک بار پھر قومی سلامتی پر اجلاس بلائیں، حکومت سیاسی جماعتوں کو قومی سلامتی امور پر یکجا کرے، ملکی مفاد میں اجتماعی فیصلے لینا ہوں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پیپلزپارٹی ایک ایسے مقام پر کھڑی ہے، ہم حکومت سے بات کرسکتے ہیں اور کوشش کرسکتے ہیں کہ ملکی مفاد میں اجتماعی فیصلے لیے جائیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنی تنگ نظری کی سیاست چھوڑ کر عوام کے بارے میں سوچے۔

عید الفطر پر طلبا کو 9دن کی چھٹیاں مل گئیں،نوٹیفکیشن جاری

راولپنڈی (این این آئی)عید الفطر پر طلبا کو 9دن کی تعطیلات مل گئیں ہیں۔وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں عید کی چھٹیاں 29 مارچ سے5اپریل تک تعطیلات ہوں گی۔چھٹیوں کے دوران نویں کلاس کے بورڈ امتحانات بھی نہیں ہوں گے جبکہ عید الفطر کے دن سے پورا ہفتہ سرکاری پرائیویٹ سکولز بند رہیں گے۔

بولان میں دھماکے سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کردی گئی، حنیف عباسی

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بولان میں دھماکے سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کردی گئی ہے، سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد کوئٹہ ٹرینوں کی آمد ورفت بحال ہوجائے گی۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے پولیس کی اپ گریڈیشن کیلئے پلان تیار کرلیا ہے،وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ڈرے ہوئے ہیں، بانی پی ٹی آئی ہی 40ہزار سے 45ہزار دہشتگردوں کو لائے تھے۔ انہوںنے کہاکہ آج جو سیکیورٹی حالات ہیں اس کی وجہ ان دہشتگردوں کو واپس لانا بھی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کر کے دہشتگردوں کے موقف کو تقویت دی گئی۔

اداکارہ سحر ہاشمی مہوش حیات کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتیں

کراچی (این این آئی)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی مہوش حیات کے ساتھ کام کیوں نہیں کرنا چاہتی ہیں، انھوں نے دلچسپ وجہ بتادی۔نجی ٹی وی کے پرگرام میں سحر ہاشمی بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو سب سے بڑی پیمنٹ کتنی ملی؟ جس کے جواب میں سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں اتنے کوئی خاص پیسے ملتے نہیں ہیں، اس راز کو راز ہی رہنے دیں میں بتاکر شرمندہ ہوجائوں گی۔سحرہاشمی سے دوسرا سوال کیا گیا کہ وہ ان اداکارائوں میں سے کس کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیں گی، انھیں ماہرہ خان اور مہوش حیات سے میں ایک کو منتخب کرنے کا انتخاب دیا گیا۔اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ دونوں میری سینئر اور حیرت انگیز اداکارہ ہیں، جب میں نئی نئی انڈسٹری میں آئی تھی تو مجھے کہا گیا کہ میری شکل مہوش حیات سے ملتی ہے۔سحر ہاشمی نے بتایا کہ مجھے یہ معلوم نہیں ہے نہ میں ایس کہتی ہوں مجھے ایسا کہا گیا تھا، مجھے ایسا لگتا ہے کہ دو ایک جیسے دکھنے والے لوگوں کو نہیں کام کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں مہوش حیات کے ساتھ نہیں کام کروں گی اور ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی، انھوں نے بتایا کہ بلال عباس ایک خوبرو اداکار ہیں میں ان کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہشمند ہوں۔

نازش جہانگیر کے سر سے بڑا خطرہ ٹل گیا

لاہور (این این آئی)لاہور کی مقامی عدالت نے مبینہ فراڈ کیس میں اداکارہ نازش جہانگیر کے پیش ہوجانے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔ 2017 میں بطور اداکارہ اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نازش جہانگیر کا شمار پاکستان کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکاراں کی فہرست میں ہوتا ہے۔نازش جہانگیر کے مشہور ڈراموں میں عشق وے، شکار، تیری بے حسی،انعامِ محبت، جن زادہ،بے رخی، دل تنہا تنہااور سراب شامل ہیں۔تاہم اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی مشکلات کا شکار ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسود ہارون نامی ابھرتے ہوئے اداکار سے فراڈ کرکے پیسے اور گاڑی بٹوری اور واپس نہیں کی۔اسی کیس کے سسلسلے میں لاہور کے علاقے کینٹ کی کچہری عدالت کے میجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے 21 مارچ کو اداکارہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم اداکارہ اگلے روز خود ہی عدالت پیش ہوگئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔نازش جہانگیر اپنے وکیل بیریسٹر حارث کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔عدالت نے آئندہ ماہ 28 اپریل تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

چوتھا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

ماؤنٹ مانگا نوئی (این این آئی)نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ، 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، نیوزی لینڈ کے فن ایلن مین آف دی میچ قرار پائے ماؤنٹ مانگا نوئی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے، جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔محمد حارث 2، حسن نواز، سلمان علی آغا اور شاداب خان ایک ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے، عرفان خان 24 رنز بناکر ہمت ہارگئے، خوشدل شاہ صرف 6 رنز بناسکے جبکہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی جانب سے عبدالصمد 44 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 6،6 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، زکرے فولکس نے 3جبکہ وِل اورورکی، اش سوڈھی اور جیمز نیشم نے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پہلی اننگز میں کیوی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 59 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، میزبان ٹیم نے 3.5 اوورز میں ہی 50 رنز بٹور لیے۔جس کے بعد حارث رؤف نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر44 رنز بنانے والے ٹم سیفرٹ کو خوشدل شاہ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کردیاتاہم کیوی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں 79 رنز بناڈالے جبکہ محض 7.2 اوورز میں 100 رنز مکمل کرلیے۔نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 108 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے والے مارک چیپمین کو حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا۔نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری،20 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے فن ایلن کو عباس آفریدی نے حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری، 3 رنز بنانے والے جیم نیشم ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔149 کے مجموعی اسکور پر کیویز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا، 3 رنز بنانے والے مچل ہے کو بھی ابرار احمد نے محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 206 رنز پر گری، 29 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو حارث رؤف نے عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 220 رنز اسکور کیے، اننگز کے اختتام پر مائیکل بریس ویل 44 جبکہ زکرے فولکس 3 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔چوتھے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیلی جیمیسن اور بین سیئرز کی جگہ وِل اورورکی اور جیکب ڈفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد از شہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخ کا اہم سنگ میل ہے’ بلاول بھٹو

لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نشان پاکستان کا اعزاز ملنے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد از شہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، آئین پاکستان کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو کیلئے نشانِ پاکستان کا اعزاز بھٹوازم کے نظرئیے کی ایک اور فتح ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق وزیرخارجہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نشانِ پاکستان کا اعزاز ملنا ان کی ملک کے لئے گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے، قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کا شعور دیا، وقت کے آمر نے فخر ایشیا ء شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آواز دبانے کی کوشش کی مگر وہ آج بھی گڑھی خدا بخش سے راج کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی بھٹوازم کی پیروکار ہے اور اپنے شہید بانی کے مشن پر ہمیشہ کاربند رہے گی،۔

pti

بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر تحریک انصاف آزادی ریلیاں نکالنے میں ناکام

ساہیوال( این این آئی) بانی تحریک انصاف پاکستان کی اپیل پر 23مارچ کو یوم پاکستان پر یوم آزادی کے حوالہ سے گھروں اور دفاتر پر پاکستان کے پرچم لہرانے اور ریلیاں نکالنے سے روکنے کے لیے پولیس نے تحریک انصاف کے راہنمائوں اور عہدیداروں شکیل احمد خاں نیازی، چوہدری آصف علی ، رضوان مظفر شاہ، محمد یارڈمرہ، رانا آفتاب احمد، ٹکٹ ہولڈر احمد صفدر خاں، شہباز خاں مردانہ اور مہر بہاول شیر سیال کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے ۔ تاہم گرفتاریاں نہ ہوسکیںجبکہ تحریک انصاف کے جھنڈے اور بینر پولیس لے گئی،پولیس کی سخت ناکہ بندی کی وجہ سے تحریک انصاف کے کارکن اور راہنما اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے میں بھی ناکام رہے۔بھنڈاری چوک میں ضلعی آفس کے اردگرد پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور پولیس گشت کرتی رہی ۔ اس لیے یوم آزادی کے حوالہ سے ساہیوال میں تحریک انصاف کوئی ریلی نہ نکال سکی اور قومی پرچم لہرانے کی تقریب بھی نہ کرسکی۔تحریک انصاف موبلائزیشن کمیٹی تحصیل ساہیوال کے کوآرڈینیٹر سیدرضوان مظفر شاہ نے کہا ہے کہ ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ ہم اپنے کپتان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں۔تاہم اولڈ ایج ہوم میں مقیم افراد کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمدعباس چوہان نے یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سلامتی اور استحقام کے لیے دعا مانگی گئی۔ جس میں محکمہ سماجی بہبود کے افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔