لاہور ( این این آئی) ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کے لئے بھارتی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔بی سی سی آئی کا وفد واہگہ بارڈر کیراستے پاکستان پہنچا۔ وفد میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی ، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر بی سی سی آئی یودھویر سنگھ اور سیکریٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ راجر بنی اور راجیو شکلا کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وفد نے ہماری دعوت قبول کی اور یہاں آئے، ہمیں بہت اچھا لگا، اس طرح سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ایشیا کپ چل رہا ہے، پاکستان میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر یہاں آئے ہیں، پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور اچھے ہیں۔بھارت کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی نے کہا کہ 2006ء کے بعد اب پاکستان آکر اچھا لگا، ذکا اشرف کا شکریہ جنہوں نے خوش آمدید کیا۔راجر بنی کا کہنا ہے کہ افغانستان اور سری لنکا کا میچ منگل دیکھیں گے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھارتی وفد کا استقبال کرنے لاہور کے ہوٹل پہنچے تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ امید ہے بھارت میں بھی فرینڈلی حکومت آجائے گی۔قبل ازیں بھارت سے روانگی سے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ہماری حکومت جو فیصلہ کرے گی ہم ویسا ہی کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی ہمیشہ شاندار رہی، پاکستانی کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔راجر بنی نے کہا کہ میں نے آخری بار 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ہم نے پہلے کولمبو میں میچز دیکھے اور اب پاکستان میں میچز دیکھیں گے۔