اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھے اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب ایردوان کی طرف سے پاکستان کی حمایت اور غیر متزلزل یکجہتی کے بھرپور اظہار پر دلی خوشی ہوئی۔منگل کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، سدابہار اور مستقل برادرانہ تعلقات پر فخر ہے جو ہر نئے چیلنج کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کیلئے ان کے تعمیری کردار اور مشترکہ کوششوں کیلئے خاص طور پر شکر گزار ہوں،دعا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزیدمظبوط ہوں کیونکہ ہم اپنے دونوں ممالک اور ان کے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرتے ہیں۔
