راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اچھرہ بازار لاہور میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے والی خاتون کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکالنے والی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف لاہور پولیس (اے ایس پی) شہربانو نقوی سے ملاقات کی اور بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے شہربانو نقوی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پر اے ایس پی شہربانو کی تعریف کی۔جنرل سید عاصم منیر نے شہربانو کی مشتعل ہجوم سے خاتون کو بحفاظت نکالنے اور غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، پاکستانی خواتین نے قابلیت، استقامت اور عزم سے خود کو ممتاز کیا، خواتین کااحترام مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے موجود ہیں، تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔